منڈیا:27؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) شری رنگ پٹن میں ہنوم مالادھاری سنکیرتن یاترا پروگرام میں مسلم خواتین کےخلاف ہتک آمیز بیان دینےوالے آرایس ایس لیڈر کلڈکا پربھا کر بھٹ کے خلاف شری رنگ پٹن شہری پولس تھانے میں دفعہ 354،294،509،506، 153 اے ، 295،295اے ، 298آپی سی کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔
میسور ضلع پریاپٹن تعلقہ چکّ نیرلے دیہات کی جہد کار نجمہ نذیر نے منگل کو کلڈکا پربھاکر بھٹ کے خلاف شکایت درج کی تھی۔ کیس درج کرلینے کے بعد پولس انسپکٹر پرکاش بی ایس نے شری رنگ پٹن کے ایڈیشنل سول جج اینڈ جے ایم ایف سی عدالت کو ایف آئی آر سونپی ہے۔
خواتین کا مضحکہ خیز مذاق ، جنسی ہتک ،جنسی ظلم پر اشتعال دلا کرعوامی دھمکی دے کر، دھر م کی ہتک کرتےہوئے مذاہبوں کے درمیان نفرت پھیلا کر فسادات کے ذریعے ہلاکتوں کی بات کرنےوالے عادی کریمنل ملزم کلڈکا پربھا کر بھٹ اور دیگر کےخلاف آئی پی سی 1860،354،294 ،509،506، 153اے، 295 ، 295اے, 298اور IPC 12 Contempt of Court Act 1971 کے تحت کیس درج کرلینے اور راؤڑی شیٹر کھول کر قانونی کارروائی کرنےکا نجمہ نے اپنی شکایت میں مطالبہ کیا تھا۔
نجمہ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ کلڈکا بھٹ ایک پیشہ وارکریمنل ملزم ہے، سماج میں بدامنی، فسادات برپا کرنا، خواتین کی ہتک کرنا، لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑکرنا، مذہبوں کے درمیان نفرت پھیلانا اور ہتک کرنے جیسی کارستانیاں کئی مرتبہ انجام دےچکا ہے۔ اس سے قبل بھی کرناٹک کےکئی پولس تھانوں میں پربھاکر بھٹ کے خلاف ایسے ہی کیس درج ہوئےہیں، اس کے باوجود سدھرنے کے بجائے اپنی خصلت پر قائم ہے۔ نجمہ نے زور دیاہے کہ اس کو راؤڑی شیٹر کی لسٹ میں شامل کیا جائے اورخواتین سمیت عام شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔